پہلی بار ہندو نوجوان پاک فضائیہ میں پائلٹ منتخب

کراچی: ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک ہندو نوجوان کو پاک فضائیہ میں جی ڈی پائلٹ منتخب کرلیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع تھر پارکر سے تعلق رکھنے والے راہول دیو کی بطور پائلٹ آفیسر سلیکشن پر اقلیتی برادری انتہائی خوش دکھائی دے رہی ہے، پاکستان کے نئے جی ڈی پائلٹ کی خوشگوار تصویر بھی ٹویٹر پر گردش کر رہی ہے جب کہ سوشل میڈیا پرراہول دیو سے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔
آل پاکستان ہندو پنچائیت کے سیکریٹری روی دوانی نے کہا کہ اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے بہت سے نوجوان سول اور آرمی آفیسرز کی صورت موجود ہیں جب کہ ملک میں بہت سے ہندو ڈاکٹرز بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں اگر حکومت اقلیتوں کا اسی طرح خیال رکھے تو آئندہ چند برس میں راہول دیو جیسے نوجوان قوم کی خدمت کے لیے پیش ہوتے رہیں گے۔
یاد رہے کہ پاک فوج، پولیس اور رینجرز سمیت مختلف قومی اداروں میں ہندو اور سکھ افسران ذمے داریاں نبھا رہے ہیں، پاکستان میں سب سے زیادہ ہندو برادری ضلع تھرپارکر میں آباد ہے، اور یہ انتہائی پسماندہ ضلع ہے تاہم یہاں سے ایک نوجوان کا پاک فضائیہ میں بطورجی ڈی پائلٹ انتخاب بہت بڑی کامیابی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔