ٹرمپ کا ڈبلیو ایچ او کے ساتھ رابطے ختم کرنے کا اعلان
واشنگٹن:صدر ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کیساتھ امریکا کے روابط توڑنے کا اعلان کر دیا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا عالمی ادارہ صحت درخواست کے باوجود ضروری اصلاحات کرنے میں ناکام ہے، آج سے ہم اس ادارے کیساتھ تمام روابط ختم کر دیں گے۔دوسری جانب ٹویٹر نے ٹرمپ کے ایک اور ٹویٹ کو اشتعال انگیز قرار دے دیا۔ جہاں لوٹ مار ہوتی ہے وہاں گولی بھی چلتی ہے، ٹویٹر نے اس ٹویٹ پر اشتعال انگیزی کا لیبل لگا دیا، بعد ازاں یہی ٹویٹ وائٹ ہاؤس کے ہینڈل سے دوبارہ جاری ہوا تو ٹویٹر نے اس کو بھی اشتعال انگیزقرار دے کر چھپا دیا۔گزشتہ روز بھی ٹوئٹر نے ان کی ایک ٹویٹ پر وارننگ لیبل چسپاں کر دیا تھا۔ جواب میں صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا کمپنیوں کو حاصل قانونی تحفظ میں ترمیم کا حکم نامہ منظور کیا تھا۔