وفا شعار بیوی نے شوہر کی خاطر سوتن کو 80 فیصد جگر عطیہ کردیا

ریاض: سعودی عرب کے شہر طائف میں وفا شعار بیوی نے شوہر کی خاطر دوسری بیوی کے لیے جگر عطیہ کرکے قربانی کی عظیم مثال قائم کردی۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق نورا سالم الشمری جو ماجد بلدہ الروقی کی پہلی بیوی ہیں، نے اپنی سوکن تغرید عوض السعدی کو جگر عطیہ کیا، دراصل تغرید عوض کافی عرصے سے ڈائیلاسز پر تھیں اور ان کے دونوں گردے ناکارہ ہوچکے تھے۔
گردے خراب ہونے کے سبب تغرید کا جگر بھی سخت متاثر ہوا، ماجد نے بیوی کے علاج کے لیے امریکا تک کا سفر کیا، لیکن وہ ناکام رہے، بالآخر شوہر نے دوسری بیوی کو اپنا ایک گردہ دینے کا فیصلہ کیا۔
اماراتی میڈیا کے مطابق اپنے شوہر کی قربانی دیکھتے ہوئے پہلی بیوی نورا نے اللہ کی رضا کے لیے اپنا 80 فیصد جگر سوکن کو عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ڈاکٹرز کے چیک اپ کے بعد دونوں کا خون میچ ہوگیا، جس کے بعد کامیاب آپریشن کیا گیا۔