وفاقی دارالحکومت میں غلاف کعبہ کی نمائش
اسلام آباد: غلاف کعبہ اور دیگر اسلامی متبرکات کی نمائش کا آغاز سینٹورس مال میں ہوگیا، یہ دس روزہ نمائش 3 جولائی تک جاری رہے گی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد غلاف کعبہ اور دیگر تبرکات کا معائنہ کیا جب کہ کورونا وبا سے نجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ ہمارا حج کے حوالے سے سعودی حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ تھا، ہم نے سعودی حکام سے کہا کہ جو فیصلہ آپ کریں گے ہم تسلیم کریں گے، پاکستانی قوم کی سعودی عرب کے ساتھ حرمین شریفین کی وجہ سے خاص نسبت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتنی خوبصورت نمائش منعقد کرنے پر میں سب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، ایسی نمائشیں مسلمانوں کو اسلامی شعائر سے وابستہ رکھنے کا ذریعہ ہیں، جو حج پر نہیں جاسکے ان کو پیسے واپس کیے جائیں گے، بینکوں کے ساتھ شیڈول بنارہے ہیں جلد پیسے واپس کیے جائیں گے۔