وزیر اعلیٰ سندھ نے سندھ کے عوام سے ایس او پی پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے
کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں 2250 ٹیسٹ کئے گئے جس کے نتیجے میں 307 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 11 مزید افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، ہلاکتوں کی تعداد 148 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ایک بیان وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں 2250 ٹیسٹ کئے گئے جس کے نتیجے میں 307 نئے کیسز سامنے آئے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت نے اب تک 68873 ٹیسٹ کروائے ہیں جس میں سے 8189 مثبت کیسز کی تشخیص ہوئی ہے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ کورونا وائرس نے مزید 11 افراد کی جان لی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 148 ہوگئی ہے۔ اب تک کل 1670 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جوکہ 20.5 فیصد بحالی کی شرح بنتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق 6370 مریض زیر علاج ہیں ، ان میں سے 5139 گھروں میں آئسولیشن میں ہیں ، 736 قرنطینہ مراکز میں اور 495 مختلف اسپتالوں میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 82 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ، جن میں سے 13 وینٹیلیٹر پر ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ کورونا وائرس کے 307 نئے کیسز میں سے 237 کا تعلق کراچی سے ہے ، ان میں سے 70 وسطی ، 45 شرقی ، 21 کورنگی ، 55 ملیر ، 34 جنوبی اور12کا تعلق ضلع غربی سے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیرپور میں 21 ، کشمور۔ کندھ کوٹ میں 12، لاڑکانہ میں 8 ، حیدرآباد میں 5 ، سکھر میں 3 اور بدین ، سانگھڑ اور شہید بینظیر آباد میں ایک ایک نیا کیس سامنے آیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے سندھ کے عوام پر زور دیا کہ وہ ایس او پی پر عمل کریں ورنہ مقامی پھیلاؤ پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔