ممتاز ادیب مستنصر حسین تارڑ کا نیا ناول کب شایع ہوگا؟
اردو کے مقبول ترین ادیب مستنصر حسین تارڑ نے اپنے نئے ناول کا پہلا ڈرافٹ مکمل کر لیا۔
نام ور سفر نامہ نویس اور فکشن نگار مستنصر حسین تارڑ نے وائس آف سندھ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناول ری رائٹ کرنے میں کچھ وقت لگے گا، توقع ہے، اگلے چھ ماہ میں یہ منظر عام پر آجائے گا۔
تارڑ صاحب کا یہ ناول موجودہ کورونا بحران، آئیسولیشن اور لاک ڈاؤن کی صورت انسانی طرز زندگی میں آنے والی تبدیلیوں کو منظر کرتا ہے۔ بہ قول ان کے: یہ ایک شخص کی کہانی ہے، جو اس صورت حال سے گزر رہا ہے۔
خیال رہے کہ ان کا آخری ناول "منطق الطیر” تھا، جس میں انھوں نے فرید الدین عطار کے ماسٹر پیس کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔ تارڑ صاحب کے ناول "خس و خاشاک زمانے” کو رواں سال ایک سروے میں دہائی کا بہترین ناول قرار دیا گیا تھا۔
مستنصر حسین تارڑ کا شمار اردو کے سب سے زیادہ پڑھے جانے والے مصنفین میں ہوتا ہے۔ ان کے سفرناموں، کالمز اور ناولز کی دنیا بھر میں پذیرائی ہوئی۔ انھیں تمغہ امتیاز سمیت متعدد اعزازت سے نوازا گیا۔