کورونا زدگان 5 ہزار سے متجاوز، 86 جاں بحق
اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 5 ہزار 11 تک پہنچ گئی ، اس وبا سے 86 افراد جاں بحق اور 762 صحت یاب ہوچکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 457 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 223 میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی۔ جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کا شکار افراد کی تعداد 5 ہزار 11 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 6 افراد کورونا وائرس سے زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 86 ہوگئی جب کہ 50 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
حکام کے مطابق اب تک پنجاب میں 2414، سندھ 1318، بلوچستان 220، خیبر پختونخوا میں 697، آزاد کشمیر 34، اسلام آباد 113 اور گلگت بلتستان میں 215 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔