ابراہم لنکن کا مجسمہ توڑنے کا منصوبہ

واشنگٹن:امریکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یادگاروں کے تحفظ کے لیے ایگزیکٹو حکم نامے پر دستخط کر دیے، حکم نامے میں عوامی یادگاروں اور سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ غیر قانونی قرار دی گئی ہے۔حکم نامے کے مطابق یادگاروں کی حفاظت میں ناکام ریاستوں کی فیڈرل گرانٹ بند کر دی جائے گی، یادگاروں پر حملہ کرنے والوں کو لمبی جیل ہوگی۔ امریکی صدر نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ نیا ایگزیکٹو حکم نامہ مجسموں اور یادگاروں کو محفوظ بنائے گا۔

ادھر سفید فام پولیس کی جانب سے سیاہ فام امریکیوں کے خلاف تعصب کے متعدد افسوس ناک واقعات سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں احتجاج بدستور جاری ہے، مظاہرین نے آج رات سابق امریکی صدر ابراہم لنکن کا مجسمہ توڑنے کا منصوبہ بنا لیا ہے، جس کے بعد مجسمے کی حفاظت کے پیش نظر یادگار لنکن پارک کے باہر سیکورٹی تعینات کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ امریکا کی کئی ریاستوں میں غلاموں سے متعلق مجسمے اور یادگاریں توڑی جا چکی ہیں، جن مجسموں اور یادگاروں پر حملے کیے گئے وہ متنازعہ تھے کیوں کہ ان کے ذریعے سیاہ فام شہریوں کو غلام بنانے کی امریکی تاریخ اور سفید فام امریکیوں کی بالادستی کی منظر کشی کی گئی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔