عمران خان پر طنزیہ مضمون بھارتی صحافی کو مہنگا پڑگیا، سوشل میڈیا پر قہقہوں کا طوفان

پاکستان دشمنی اور عمران خان مخالفت میں بھارتی صحافی کبھی کبھی اس حد تک چلے جاتے ہیں کہ طنزیہ ٹویٹس اور فیک نیوز پر پورے مضمون لکھ مارتے ہیں، جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر مذاق بن جاتے ہیں۔
بی بی سی کے مطابق ایسا ہی واقعہ بھارتی خبر رساں ادارے انڈو ایشین نیوز سروس (آئی اے این ایس) سے منسلک صحافی آرتی ٹکو سنگھ کے ساتھ پیش آیا، جو پاکستان دشمنی میں صحافت کے بنیادی اصولوں ہی کو بھلا بیٹھیں اور سوشل میڈیا پر لطیفہ بن گئیں۔
خود کو خارجہ اور اسٹریٹیجک افئیرز کی مدیر قرار دینے والے مضمون نگار نے ایک مزاحیہ پاکستانی نیوز ویب سائٹ کے ٹویٹ پر پورا مضمون لکھ مارا۔
یہ مزاحیہ ٹویٹ دی ڈیپینڈینٹ کے ہینڈل سے کیا گیا تھا، جو پاکستان ٹوڈے کا ہفتہ وار طنز و مزاح پر مبنی سلسلہ ہے۔ ٹویٹ کے ساتھ ساتھ بڑا بڑا لفظ Satire لکھا ہوا تھا، مگر متعصب بھارتی صحافی اسے پڑھنے سے قاصر رہیں۔

 آرتی ٹکو سنگھ 

بی جے پی کی ہمدرد سمجھے جانے والی آرتی ٹکو سنگھ نے لکھا کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے حوالے سے جاری ایک رپورٹ کو الٹا پکڑا ہوا تھا، جس کے گراف کو دیکھتے ہوئے انھوں نے دعوی کیا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستان کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو قابو کرنے میں کامیاب رہا ہے۔
مضمون سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر قہقہوں کا طوفان آگیا، پاکستان صارفین کے ساتھ ساتھ صحافیوں نے بھی اس حماقت آمیز مضمون کو آڑے ہاتھوں لیا۔
معروف پاکستانی صحافی ضرار کھوڑو نے ٹویٹ کیا: ’یہ تو زبردست ہو گیا۔ انڈین ’صحافی‘ نے اس طنزیہ تحریر کو سنجیدگی سے لے کر ایک پورا مضمون لکھ ڈالا اور اس پر اپنی بائی لائن بھی لے لی۔
شدید تنقید کے بعد آرتی ٹکو سنگھ کا یہ مضمون آئی اے این ایس کی ویب سائٹ سے تو فوراً حذف کر دیا گیا، مگر یہ کوشش اسے وائرل ہونے سے نہ روک سکی۔


خیال رہے کہ چند روز قبل مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے تین فوٹو جرنلسٹس کو ‘پلٹزر پرائز’ سے نوازا گیا تھا، جس پر آرتی ٹکو سنگھ نے کافی ناراضگی کا اظہار کیا۔
صارفین نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی اسٹوری کے بعد ان موصوفہ کو پلٹرز پرائز ملنا چاہیے۔
دل چسپ امر یہ ہے کہ پاکستانی صحافیوں اور صارفین کے ساتھ ساتھ خود بھارتی صارفین نے بھی اس اسٹوری کو افسوس ناک اور قومی شرمندگی قرار دیا ہے۔

خیال رہے کہ اکثر پاکستان اور بھارتی صارفین سوشل میڈیا پر برسرپیکار رہتے ہیں اور اکثر بھارتی سرکار اور صحافیوں کی جلدی بازی کی وجہ سے پاکستانی صارفین کا پلہ بھاری رہتا ہے اور اس بار بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔