عالیشان مکانات کے سمندر برد ہونے کا منظر، ویڈیو سامنے آگئی
اوسلو : ناروے میں زمین کا وسیع ٹکڑا عالیشان مکانات سمیت دیکھتے ہی دیکھتے سمندر برد ہوگیا، لینڈ سلائیڈنگ کی ویڈیو نے دیکھنے والوں کے دل دہلا دئیے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تین روز قبل یورپی ملک ناروے میں سمندر کنارے واقع ایک گاوٗں کا بڑا حصّہ دھیرے دھیرے کھسک کر سمندر کی جانب بڑھا اور چند لمحوں میں سمندر برد ہوگیا۔
دل دہلا دینے والے منظر کو 3 جون 2020 کو ڈرون کیمرے کی مدد بنائی گئی، جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ 800 میٹر وسیع اور 40 میٹر اونچا زمین کا ٹکڑا جس پر آٹھ بڑے اور عالیشان مکانات اور دیگر تعمیرات موجود تھیں چند سیکنڈوں میں سمندر میں جاگرا۔
ویڈیو میں ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے کتے کو بچاتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ابھی تک کسی جانی نقصان یا کسی بھی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
ناروے پولیس کا کہنا ہے کہ اگرچہ ابھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم حتمی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتے، پولیس اہلکاروں پر مشتمل ایک ٹیم متاثرہ علاقے میں بھیجی ہے جو صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ علاقے میں زمین کے مزید ٹکڑے کا کھسک کر سمندر برد ہونے کا خدشہ ہے۔