سندھ میں مکمل لاک ڈائون کی اجازت نہیں فواد چوہدری
اسلام آباد۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سندھ میں مکمل طور پر لاک ڈائون کی اجازت قطعی طور پر نہیں دی جائے گی، مکمل لاک ڈائون کے حوالے سے وفاقی حکومت کی پالیسی واضح ہے، سپریم کورٹ بھی قرار دے چکی ہے کہ صوبے اس ضمن میں انفرادی فیصلہ نہیں کر سکتے، آرٹیکل 151 کے تحت پاکستان ایک سنگل مارکیٹ ہے، کراچی کی بندرگاہ پاکستان کی معیشت کی شہ رگ ہے اور ایسا اقدام اٹھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی جس سے پاکستان کی معاشی شہ رگ متاثر ہو۔ سندھ حکومت کی جانب سے مکمل لاک ڈائون کے فیصلہ پر جمعہ کو جاری کردہ اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مکمل لاک ڈائون کا کوئی آپشن کسی صوبے کو دستیاب نہیں، کووڈ کے حوالے سے پالیسی وفاق اور این سی او سی جاری کرتے ہیں اور صوبے اس پر عمل درآمد کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کورونا کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کیا ہے، اب تک ہم انسانی جانیں بچانے میں بھی کامیاب ہوئے اور ملکی معیشت بھی اپنے پاں پر کھڑی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا موقف ہے کہ مکمل لاک ڈائون سے مزدور، دیہاڑی دار اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے طبقات شدید متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سندھ حکومت نے ایس او پیز پر عمل درآمد کیا ہوتا تو آج کراچی میں صورتحال سنگین نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو واضح طور پر یہ پیغام دیا گیا ہے کہ انفرادی فیصلے نہیں کئے جا سکتے، این سی او سی کی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کیا جانا ضروری ہے۔