سرحد عبور کرنے والے بھارتیوں پر نیپالی فوج کی فائرنگ، 1 ہلاک 4 زخمی
نئی دہلی: نیپالی فورسزکی بھارتی سرحد پر فائرنگ سے ایک بھارتی ہلاک ۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے سرحدی علاقے میں نیپالی فورسز نے نارایانپورسرلاہی بارڈر پر بھارتی نوجوانوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک بھارتی نوجوان ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
نیپالی حکام نے دعویٰ کیا کہ بھارتی نوجوان غیر قانونی طور پر سرحد عبورکرنے کی کوشش کر رہے تھے جس پر ہم نے انہیں روکنے کی کوشش کی اور بعد ازاں سرحد عبور کرنے والے لوگوں پر فائرنگ کی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جتندرہ کمار نے ایک نوجوان کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ فائرنگ کا واقعہ نیپالی حدود میں پیش آیا ہے۔
نیپالی فوج کی فائرنگ سے 25 سالہ بھارتی شہری وکیش کمار موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ امیش رام، ادھے ٹھاکر گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے جب کہ ایک بھارتی شہری لاگن رائے کو نیپالی فورسز نے اپنی حراست میں رکھا ہے۔