دنیا کے مقابلے میں ہمارے ہاں کورونا وائرس بڑھ رہا ہے: وزیر اعلی سندھ
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ، سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں کورونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھانی ہوگی، ہم نے ابھی بہت کم ٹیسٹ کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی سندھ نے پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں اور ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر دنیا کو دیکھا جائے، تو ہمارے ہاں کورونا وائرس بڑھ رہا ہے، کیسز میں 87 فی صد اضافہ ہوا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے بہت ہی کم ٹیسٹ کیے، اگر ٹیسٹ کی استعداد بڑھائی جائے، تو زیادہ کیسز ظاہر ہوں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا سب سے پہلا مریض کراچی میں 26 فروری کو سامنے آیا تھا۔
اس وقت اس مرض کے ڈھائی ہزار کیسز سامنے آچکے ہیں، جب کہ ۳۵ افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔