حیدر آباد میں ٹرانسفارمر پھٹنے سے 7 افراد جاں بحق
حیدر آباد۔ گذشتہ روز حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد میں ٹرانسفارمر ہھٹنے کے واقعے میں سات افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ایم کیو ایم نے وفاقی وزیر حماد اظہر سے رابطہ کیا ہے۔ سندھ حکومت نے حیسکو سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ گذشتہ روز لطیف آباد آٹھ نمبر میں حیسکو عملے کی جانب سے ٹرانسفارمر لگایا جا رہا رہا تھا کہ زوردار دھماکے سے ٹرانسفارمر ہھٹ گیا۔ تیل گرنے کی وجہ سے شہری آبادی میں ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے جنہیں سول اسپتال حیدر آباد منتقل کیا گیا تھا۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں سات افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ وفاقی وزیر امین الحق نے وفاقی وزیر حماد اظہر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور کہا کہ متاثرین سے انصاف کیا جائے وفاقی حکومت فوری طور پر ان کی امداد کا اعلان کرے۔ دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی ذمے داری ہے کہ متاثرین کی مدد کرے سندھ کے سرکاری اسپتال میں موثر علاج نہیں ہو رہا۔ دوسری جانب سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے حیسکو سے رپورٹ طلب کی ہے انہوں نے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذمے داروں سے کسی بھی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔ وزیر توانائی نے کہا ہے کہ سات افراد جاں بحق ہوگئے ہیں سندھ حکومت باقی زخمیوں کے علاج کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ دوسری جانب نیپرا نے بھی واقعے کا نوٹس کیا ہے۔