تیل کی عالمی منڈی کریش، قیمت انتہائی نچلی سطح پر
نیو یارک: تیل کی عالمی مارکیٹ کریش کر گئی جس کے بعد امریکی کروڈ آئل پہلی بار منفی میں چلا گیا، کینیڈا میں تیل کے کنویں بند کر دیے گئے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث تیل کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے، اس دوران سعودی عرب، روس کے درمیان تیل کی قیمتوں پر ہونے والی کشیدگی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زبردست کمی دیکھی گئی تھی جس کے بعد دونوں ممالک میں ’ڈیل‘ ہوئی تھی، دو روز قبل تیل کی قیمتوں میں اضافہ بھی دیکھنے کو ملا تھا۔
تاہم اب مزید خبریں آئی ہیں کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ایک مرتبہ پھر بڑا جھٹکا لگا ہے، ایک ہی روز کے دوران امریکی خام تیل کی قیمت کریش کر گئی ،جس کے بعد اس (ڈبلیو ٹی آئی ) کی قیمت منفی زون میں داخل ہو گئی ہے۔
ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت پہلی بار منفی زون میں داخل ہوئی ہے۔ جس کے بعد قیمت منفی 37 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ امریکی خام تیل میں کمی کے بعد مئی کے معاہدے بند کر دیے گئے۔ متعددامریکی تیل کی کمپنیاں بند ہونے کے قریب اور ریڈزون میں آگئیں۔پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زبردست کمی کا امکان ہے۔