برطانیہ میں پاکستانی کونسلر کا کرونا چیریٹی کے لیے دل چسپ قدم
لندن: برطانیہ میں ایک پاکستانی کونسلر نے کرونا وائرس کے سلسلے میں چیریٹی کے لیے ایک نہایت دل چسپ قدم اٹھایا۔
لندن کے علاقے ویسٹ تھورک کے پاکستانی نژاد کونسلر قیصر عباس نے کرونا وائرس کے سلسلے میں وگوں کو چندہ دینے کی ترغیب کی خاطر انوکھا طریقہ ڈھونڈا۔
کونسلر قیصر عباس نے سوشل میڈیا پر برطانویوں سے اپیل کی کہ اگر 50 افراد کرونا وائرس کے سلسلے میں اپنی مرضی کے کسی بھی رفاعی ادارے کو عطیات دیں تو میں سر منڈوا دوں گا۔
اس اعلان کا نتیجہ پاکستانی نژاد کونسلر کی توقع سے بھی بڑھ کر نکلا، چند ہی گھنٹوں کے اندر 100 سے بھی زیادہ افراد نے چیریٹی کا اعلان کر دیا اور 3 ہزار سے زیادہ پاؤنڈز اپنی مرضی کے رفاعی اداروں کو دے دیے۔
برطانوی کونسلر قیصر عباس نے سوشل میڈیا پر کہا کہ انھوں نے حسب وعدہ سر منڈوا دیا ہے، کونسلر نے منڈے ہوئے سر کے ساتھ ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی، اور کہا کہ صرف 18 گھنٹوں میں 3087 پاؤنڈز جمع ہو گئے ہیں۔ قیصر عباس کی اپیل پر صرف ایک خاتون نے 1500 پاؤنڈز عطیہ کیے، جس پر انھوں نے خصوصی شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل ٹویٹر پر کونسلر نے لکھا تھا کہ اگر آپ مجھے گنجا دیکھنا چاہتے ہیں تو کمنٹس میں ‘یس’ لکھ دیں، لیکن آپ کے ‘یس’ کا مطلب ہوگا کہ آپ کسی بھی خیراتی ادارے کو عطیہ کرنے جا رہے ہیں۔