انٹرنیٹ سگنلز کی خرابی، آن لائن کلاس کے لیے طالبہ چھت پر چڑھ گئی
کیرالہ: کورونا لاک ڈاؤن کے باعث تعلیمی ادارے بند ہیں، آن لائن کلاسز کے لیے طلبہ کو بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، کیونکہ کبھی انٹرنیٹ ٹھیک نہیں چلتا تو کبھی لوڈشیڈنگ سے ان کی مشکل میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔
حال ہی میں بھارتی ریاست کیرالہ میں نمیتا نامی طالبہ آن لائن کلاس کی خاطر بہتر انٹرنیٹ سگنلز کے لیے گھر کی چھت پر چڑھ گئی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق نمیتا انگریزی میں بیچلرز کررہی ہے اور وہ پانچویں سمسٹر کی طالبہ ہے، جسے آن لائن کلاسز کے دوران انٹرنیٹ کے سگنلز کی وجہ سے دشواری کا سامنا تھا۔
نمیتا کے مطابق ان کے کمرے میں فون کے ڈیٹا سگنلز بے حد خراب آتے تھے، جس کی وجہ سے وہ گھر کی چھت پر چڑھ گئی تاکہ بغیر کسی دشواری کے آرام سے آن لائن کلاسز لے سکے۔
سوشل میڈیا پر نمیتا کی تصاویر خوب وائرل ہوئی جس کے بعد کمپنی کے ٹیکنیکل اسٹاف نے نمیتا سے رابطہ کیا اور اس کے گھر آئے اور انٹرنیٹ کے سگنل کا مسئلہ بھی حل کردیا۔