ہیروں اور سونے سا جگمگاتا کرونا وائرس گلے میں لٹکائیں
امان: اردن میں جوہری نے ہیروں اور سونے سے جڑا کرونا وائرس ہار بنا ڈالا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اردن میں جوہری نے ہیروں سے جگمگاتے کرونا وائرس کی شکل کے منفرد زیورات تیار کرلیے، جوہری کا کہنا تھا کہ جگمگاتا کرونا وائرس چاہیں تو گلے میں لٹکالیں۔
جوہری کا کہنا تھا کہ اس طرح کے منفرد کرونا زیورات تیار کرنے کا مقصد اس وبائی مرض کو ہمیشہ یاد رکھنا ہے۔
تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ منفرد جیولری خریدنے کے لیے گاہکوں کی بڑی تعداد جیولری کی دکان میں موجود ہے اور ماسک پہنی ایک خاتون کرونا جیولری پہن رہی ہیں اور کافی انہماک سے جیولری کو دیکھ رہی ہیں۔
واضح رہے کہ اردن میں کرونا کے 700 مریض زیر علاج ہیں جس میں سے 400 افراد صحت یاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں۔
اردن میں 21 مئی تک کرونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ کووِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا 213 ممالک کو لپیٹ میں لے چکی ہے، وبا میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 34 ہزار 672 ہو گئی ہے، وائرس سے اب تک 51 لاکھ 98 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
کرونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 1,418 اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کرونا ہلاکتوں کی تعداد 96,354 ہو گئی ہے، جب کہ 16 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
امریکا میں گزشتہ روز مزید 28 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے۔ کو وِڈ نائنٹین سے متاثر 3 لاکھ 82 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 18 ہزار کے قریب مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔