کورونا وبا، مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں اعتکاف نہ ہوسکا
مکہ المکرمہ: کورونا وبا کی روک تھام کے لیے سعودی حکومت کے اقدامات کے پیش نظر امسال رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسجد الحرام اور مسجدی نبوی میں اعتکاف نہیں کیا گیا۔
سعودیہ کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق حرمین کے امور کی نگرانی کرنے والی پریزیڈینسی نے 20 اپریل کو اعلان کردیا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اختیار کی گئی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر اس سال ماہ مبارک کے آخری عشرے میں مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں اعتکاف کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پریزیڈینسی کے سربراہ شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے بھی اس فیصلے کی تصدیق کی تھی۔
بعدازاں یکم مئی کو سعودی حکومت نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو لازمی قرار دیتے ہوئے نماز پنچگانہ کی اجازت دے دی تھی تاہم دونوں مساجد کے وضو خانے، غسل خانے اور بیت الخلا بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھاجب کہ اعتکاف موقوف کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا۔