کورونا وائرس کے باعث طورخم بارڈر پر تعینات میجر محمد اصغر شہید
روالپنڈی: کورونا وائرس کے باعث طورخم بارڈر پر تعینات پاک فوج کے میجر محمد اصغر شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر محمد اصغر نے فرائض کی انجام دہی کے دوران COVID-19 سے لڑتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔
سانس لینے میں دشواری کے بعد انھیں سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا، انھیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا، مگر وہ جاں بر نہیں ہوسکے اور قوم کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی۔
ایک ایسے وقت میں جب کورونا وائرس کے سبب سب گھروں تک محدود ہیں، افواجِ پاکستان اگلے محاذ پر عوام کی خدمت کے لیے موجود ہے۔
میجر محمد اصغر طور خم بارڈر ٹرمینل پر اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے، انھیں افغانستان میں پھنسے افراد کی اسکریننگ کی ذمہ داری سونپی گئی۔