کورونا وائرس کی وبا پر 8 جون تک قابو پانے کی پیشگوئی کردی گئی
سنگاپور: سنگاپور یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ڈیزائن نے پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا پر 8 جون تک 97 فیصد قابو پانے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا یکم ستمبر تک وبا پر 100 فیصد قابو پالیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا سے متعلق سنگاپور یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ڈیزائن نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان میں وبا پر 8 جون تک ستانوے فیصد قابو پا یا جاسکتا ہے۔یونیورسٹی نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس ڈیٹا کے تجزیے کی بنیاد پر دنیا بھر کے ممالک میں کووڈ 19 کی وبا کے خاتمے کے وقت کی پیشگوئی کی، اس مقصد کیلئے مختلف ممالک کے مشتبہ اور مصدقہ کیسز کے ساتھ صحتیاب افراد کے ڈیٹا کو استعمال کیا گیا۔
پاکستان کے حوالے سے کہا گیا کہ پاکستان میں وبا ابھی عروج پرنہیں پہنچی، 27 اپریل سے وبا عروج پرآنا شروع ہوگی جس کے بعد کیسزمیں بتدریج کمی آئے گی اور 30 جون تک ننانوے فیصد اور یکم ستمبر تک وبا پر سو فیصد قابو پالیا جائے گا۔
یونیورسٹی کے مطابق عالمی سطح پر کورونا پر 29 مئی تک 97 فیصد قابو پایا جاسکتا ہے جبکہ یہ شرح 17 جون تک 99 فیصد اور 9 دسمبر میں سو فیصد تک پہنچے گی۔ جبکہ امریکا میں 11 مئی تک ستانوے فیصد اور ستائیس اگست تک وبا پر سو فیصد کنٹرول ممکن ہے۔
سنگاپور یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ڈیزائن کے مطابق دیگر ممالک میں کورونا کے خاتمے سے متعلق کہا کہ اٹلی میں 7 مئی، اسپین میں 3 مئی، جرمنی میں 2 مئی ، فرانس میں 5 مئی ، سعودی عرب میں 21 مئی ، متحدہ عرب امارات میں 11 مئی ، ایران میں 19 مئی اور بھارت میں 21 مئی تک 97 فیصد اس وبا پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
خیال رہے نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا سے پاکستان بھر میں اموات کی تعداد 281 ہو گئی ہے جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 13000 سے تجاوز کرگئی جبکہ 3029 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیےجاری لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کردی ہے۔