کراچی لاک ڈاؤن، دلہا اپنی دلہن کو موٹرسائیکل پر رخصت کر کے لے آیا
کراچی: شہر قائد سے تعلق رکھنے والے نوجوان نے کرونا لاک ڈاؤن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شادی کی اور دلہن کو موٹرسائیکل پر رخصت کر کے ہی گھر لے آیا۔
کراچی کے علاقے شاہ فیصل سے تعلق رکھنے والا ریحان نامی دلہا گلستان جوہر سے اپنی دلہن کوموٹرسائیکل پر بٹھا کر لے آیا۔ دلہا دلہن عروسی جوڑے میں تھے اور موٹرسائیکل ریحان خود ہی چلا رہا تھا۔
ریحان کے مطابق لاک ڈاؤن کی وجہ سے شادی کو انتہائی مختصر رکھا اور نکاح اور بارات کی تقریب میں صرف 6 افراد نے شرکت کی۔ دلہا کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے شادی سادگی سے کرنے کا موقع ملا ۔
ریحان کا کہنا تھاکہ جب دلہن کو لے کر گھر پہنچ گیا تو خاتون کے ساتھ ڈبل سواری پر پابندی کا علم ہوا ورنہ اگر پہلے خبر ہوتی تو رخصتی کے لیے کچھ اور بندوبست کرتا۔