نئے جوڑے آن لائن ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شادیاں کرسکتے ہیں
دبئی : متحدہ عرب امارات میں نئے جوڑے آن لائن ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شادیاں کرسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے نافذ کریک ڈاؤن کے پیش نظر اب نئے جوڑے آن لائن ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شادیاں کرسکیں گے ۔متحدہ عرب امارات کی وزارتِ انصاف نے پہلے لوگوں کی نقل وحرکت پرقدغن کی وجہ سے شادیوں پر پابندی عاید کردی تھی لیکن اب اتوار سے ڈیجیٹل شادی سروس شروع کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے مطابق آن لائن شادی کی تقریب رجسٹرار کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد ہوسکے گی لیکن اس سے پہلے دُلہا اور دُلہن کو شادی کیلئے درکار دست خط شدہ کاغذات آن لائن فراہم کرنا ہوں گے، مقررہ فیس ادا کرنا ہوگی اور ان کے پاس وزارت کے متعلقہ حکام سے منظور شدہ تمام ضروری کاغذات موجود ہونے چاہییں۔
شادی رجسٹرار نوبیاہتا جوڑے اور ان کے گواہوں کی تصدیق کرے گا اور اس کے بعد شادی کے سرٹیفیکیٹ پردستخط کردے گاجس کے بعد تصدیق کیلئے خصوصی عدالت کو بھیج دیا جائے گا۔نوبیاہتا جوڑے کوپھر اس عدالت کی جانب سے جاری کردہ ایک تصدیقی ٹیکسٹ پیغام رجسٹر موبائل نمبر پر موصول ہوگا۔ اس میں اس جوڑے کو مطلع کیا جائے گا کہ اس کے شادی کے سرٹیفیکیٹ کو کامیابی سے جاری کردیا گیا ہے۔
وزارتِ انصاف کا کہنا ہے کہ اس سروس کو شروع کرنے کا مقصد عوام، عدالتوں میں کام کرنے والے لوگوں اور ان کے ملازمین کی صحت کا تحفظ ہے۔تاہم وزارتِ انصاف نے ابھی تک آن لائن طلاق کے طریق کار کے بارے میں کوئی جاری اعلان نہیں کیا ہے، دبئی میں گزشتہ بدھ کو شادی کے ساتھ طلاق پر بھی تاحکم پابندی عاید کردی گئی تھی۔ دبئی میں 24 گھنٹے کا کرفیو اور لاک ڈاؤن نافذ ہے۔لاک ڈاؤن کے تحت مکینوں کی آزادانہ نقل وحرکت پر پابندی عاید ہے انھیں گھر سے باہر نکلنے کیلئے پیشگی اجازت لینا پڑتی ہے،جس کیلئے دبئی پولیس کی ایک مخصوص نئی ویب سائٹ پر اپنا اندراج کرسکتے ہیں۔