عمران قوم کے لیے نعمت، وزیراعظم وہی کرتے ہیں جو اُن کا ضمیر کہتا ہے،ڈاکٹر شہباز گِل
لاہور: پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بڑے فیصلے کرتے ہوئے رپورٹ کی روشنی میں کابینہ میں بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔
یہ بات اُن کی ایک ٹویٹ میں کہی گئی، بعد ازاں ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کے لیے اللہ کی نعمت ہیں۔ وقت بتائے گا کہ ان کی حکومت سنہرا باب ہوگی۔ وزیراعظم وہی کرتے ہیں جو ان کا ضمیر کہتا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ وزیر خوراک سے استعفیٰ لے لیا گیا ہے۔ جو بھی ذمے دار ہیں، ان کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی کی حتمی رپورٹ کے بعد آٹا چینی بحران میں ملوث افراد کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ مخالفین اتنی جرأت کا مظاہرہ نہیں کر سکتے۔ یہ جرأت عمران خان ہی کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین عمران خان کو اچھی طرح جانتے ہیں، وہ رائے ضرور لیتے ہیں لیکن فیصلے اپنے مرضی سے کرتے ہیں۔ اس میں نقصان بھی ہو سکتا ہے لیکن وہ نقصانات کی پروا کیے بغیر ایسے فیصلے کرتے ہیں۔شہباز گل کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اب شاید کیڑے نکالے گی کیونکہ اس نے ایسا کبھی خواب میں بھی نہیں کیا۔ دیگر سیاسی جماعتیں اس طرح کے فیصلوں سے نابلد ہیں۔