علماء کرام کا بڑا اعلان، مساجد میں تمام نمازیں باجماعت ہوں گی!
کراچی: ملک عزیز کے جید علماء کرام کا بڑا اعلان ، اب لاک ڈاؤن کا اطلاق مساجد پر نہیں ہوگا۔ باجماعت نماز، باجماعت تراویح اور باجماعت نماز جمعہ کا اہتمام کیا جائے گا۔
شہرِ قائد میں مفتی منیب الرحمان کا مفتی تقی عثمانی، علامہ راشد سومرو، محمد حسین محنتی اور مولانا انس نورانی سمیت دیگر مختلف مکتب فکر کے علماء کرام کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کریں لیکن اپنے زمینی حقائق بھی دیکھیں، اس لیے اب لاک ڈاؤن کا اطلاق مساجد پر نہیں ہوگا۔
رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ تمام مساجد میں نماز باجماعت، نماز جمعہ اور رمضان المبارک میں نماز تراویح اور اعتکاف سمیت تمام عبادات کا سلسلہ جاری رہے گا تاہم جو بزرگ اور بیمار ہیں مسجد نہ آئیں، گھر پر عبادت کریں۔ امام کا کام یہ نہیں کہ لوگوں کو نماز ادا کرنے سے روکے۔
مفتی منیب نے مطالبہ کیا کہ تین ماہ کے لیے مساجد اور دینی اداروں کے بل معاف کیے جائیں۔ ریاست پورے ملک کے مسلمانوں کی مدد اور کفالت کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ سماجی میل جول کا مسئلہ تو سب جگہ ہے لیکن میڈیا نے مسجد کو نشانہ بنایا، یہ ہمارے لیے قابل قبول نہیں ہے۔ آج سے تمام مساجد میں باجماعت نماز ادا کی جائیگی۔
اس موقع پر مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ پوری قوم متحد ہوکر اپنی خدمات انجام دے۔ احتیاطی تدابیر کے ساتھ مساجد کھلی رہیں اور باجماعت نماز جاری رہے۔ معمر اور جو لوگ بیمار یا وائرس سے متاثر ہیں وہ مساجد نہ آئیں۔ مساجد سے قالین ہٹا کر جراثیم کش ادویہ کا اسپرے کیا جائے۔ مساجد کے دروازوں پر سینی ٹائزرز لگانے کا اہتمام کیا جائے۔ باجماعت نماز کے دوران صفوں میں فاصلہ ہو۔ وضو گھر سے اور سنتیں بھی گھر پر پڑھیں۔