بھارت: کورونا تیزی سے پھیلنے لگا
نئی دہلی: بھارت میں ہر گزرتے دن کورونا مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے اور ایک دن میں 1553 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت میں مودی سرکار کی جانب سے اچانک لگائے گئے 21 روزہ لاک ڈاؤن کے خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 550 نئے مصدقہ کیسز سامنے آنے کے بعد بھارت میں اس وبا کے متاثرین کی مجموعی تعداد 17 ہزار 187 ہوگئی ہے جب کہ تاحال 543 افراد کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں۔
زیادہ تر نئے کیسز ریاست مہاراشٹرا کے علاوہ وزیراعظم نریندر مودی کے حلقے گجرات میں سامنے آئے ہیں جس کے باعث کورونا وائرس وبا کے سامنے بے بس مودی سرکار پر عوامی دباؤ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ ایک طرف تو سخت لاک ڈاؤن میں غریبوں کو کھانے کے لالے پڑ گئے ہیں تو دوسری جانب کورونا کیسز میں کمی نہیں ہو پارہی ہے۔ ان دونوں محاذوں پر مودی حکومت ناکام ہوتی نظر آرہی ہے۔