ایک ماہ میں ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قدر 2.93 روپے کم ہوگئی

کراچی: ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں ایک ماہ کے دوران 2.93 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
انٹربینک مارکیٹ گزشتہ ہفتے روپے کی نسبت امریکی ڈالر کی قدر میں 2 روپے 18 پیسے جب کہ مئی 2020 کے دوران ڈالر کی قدر میں مجموعی طور پر 2 روپے 93 پیسے کا اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں ڈالر کا انٹربینک ریٹ بڑھ کر 163.10 روپے کی سطح پر آگیا۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے ڈالر کی قدر میں 2 روپے 50 پیسے کا اضافہ ہوا جب کہ مئی 2020 میں ڈالر کے اوپن مارکیٹ ریٹ 2 روپے 80 پیسے بڑھ کر 163.30 روپے کی سطح پر جا پہنچا۔
زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں گزشتہ ہفتے دیگر اہم غیر ملکی کرنسیوں کی قدر میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انٹربینک مارکیٹ میں یورو کی قدر 4 روپے 44 پیسے بڑھ کر 180 روپے 97 پیسے ہوگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں یورو کی قدر 6 روپے بڑھ کر 181 روپے ہوگئی۔ انٹربینک میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر 4 روپے 36 پیسے بڑھ کر 200 روپے 74 پیسے ہوگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر ایک روپے بڑھ کر 201 روپے ہوگئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔