کے پی کے میں کرفیو نہیں لگائیں گے، وزیراعلیٰ محمود خان
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے میں کوئی کرفیو نہیں لگائیں گے، تعلیمی اداروں میں چھٹیاں گھومنے پھرنے نہیں بلکہ محدود رہنے کے لیے دی ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تمام بڑی مارکیٹس صبح 10 سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی، بیوٹی پارلرز اور حجام کی دکانیں 15 دنوں کے لیے بند کردیے، سرکاری دفاتر میں دن 12 بجے چھٹی ہوگی، میڈیکل اسٹورز، کریانہ اور راشن کی دکانیں 24 گھنٹے کھلی ہوں گی، سرکاری اجلاسوں میں صرف 5 افراد شریک ہوسکیں گے۔
بعدازاں صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ صوبہ میں کورونا وائرس کے مزید تین کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد صوبہ میں متاثرین کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔