کورونا کا خطرہ: سندھ میں تعلیمی ادارے 30 مئی تک بند رہیں گے، امتحانات ملتوی
کراچی: سندھ حکومت نے تعلیمی ادارے بند رکھنے اور امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا۔ ان چھٹیوں کو موسم گرما کی تعطیلات سمجھا جائے گا۔ اجلاس میں تمام صوبائی وزراء، مشیران اور اعلیِ عہدے داروں نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ گذشتہ 14 روز سے کوروناوائرس سے متعلق ٹاسک فورس کے اجلاسوں کی صدارت کررہے ہیں۔ کورونا وائرس ایک وبا کی شکل اختیار کر گیا ہے، لہذا حکومت نے اس پر قابو پانے کے لئے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کابینہ نے تفصیلی غور و خوص کے بعد 30 مئی 2020 تک اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اسے موسم گرما کی تعطیلات سمجھا جائے گا۔ یکم جون کو اسکول دوبارہ کھلیں گے۔ کابینہ نے شادیوں، سماجی اور مذہبی اجتماعات سمیت ہر قسم کے اجتماع کی حوصلہ شکنی کرنے کی بھی تجویز پیش کی۔ خیال رہے کہ پی ایس ایل کے میچز شایقین کے بغیر کرانے کی فیصلہ پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔