کورونا وائرس، پاک فوج کے تعاون سے ایکسپو سینٹر میں فیلڈ اسپتال قائم کرنے کا فیصلہ
کراچی: حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے باعث ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایکسپو سینٹر کراچی میں پاک فوج کے تعاون سے فیلڈ اسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کرکے تیاریاں شروع کردیں، کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 3 متاثرین سامنے آئے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے وفاقی وزارت تجارت کے حکام سے رابطہ کر کے ایکسپو سینٹر کراچی میں فیلڈ اسپتال کے قیام کی تجویز دی، جسے وفاق نے قبول کر لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق کی جانب سے تجویز منظور ہونے کے بعد ایکسپو سینٹر میں کورونا متاثرین کے لیے فیلڈ اسپتال قائم کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کمشنر کو فیلڈ اسپتال کے لیے بستر اور دیگر سامان خریدنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایکسپو سینٹر میں اسپتال، آئسولیشن سینٹر پاک فوج کے تعاون سے قائم ہوگا، سندھ حکومت اور کور کمانڈر کراچی کی ٹیمیں مل کر کام کریں گی، سندھ حکومت کی ٹیم کی سربراہی سعید غنی کریں گے، کمشنر کراچی معاونت کریں گے، جب کہ کور کمانڈر کراچی ٹیم کی سربراہی بریگیڈیئر سمیع کریں گے۔