کورونا وائرس، قومی کھلاڑیوں کی عوام کو احتیاط کی تلقین
کراچی: قومی کھلاڑیوں نے کورونا وائرس کے عفریت کے پیش نظر عوام سے احتیاط سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے یوم پاکستان پر کورونا وائرس کو شکست دینے کا عہد کرلیا۔
پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا کہ ہمارے بڑوں نے 80سال پہلے پاکستان بنانے کا عہد کیا تھا، آج ہمیں ملک کو کورونا سے محفوظ بنانے کا وعدہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئیں مل کر کورونا وائرس کو شکست دیں اور ٹشو یا رومال کے استعمال کو یقینی بنائیں۔
سابق قومی کپتان شعیب ملک نے کہا کہ شہری ہاتھ ملانے یا گلے ملنے سے پرہیز کریں، یاد رکھیں کہ ہم سب نے مل کر کورونا کو شکست دینی ہے۔ اسپنر شاداب خان نے کہا کہ ہمیں غیر ضروری گھومنے پھرنے سے اجتناب کرنا ہوگا اور اپنے ہاتھوں کو صابن یا سینیٹائزر سے دھو کر رکھنا ہوگا۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو ہمارے بڑوں نے ایک عہد کیا تھا کہ آج ہمیں بھی ایک عہد کرنا ہوگا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے کورونا وائرس کو شکست دینی ہے۔ جویریہ خان نے کہا کہ 23 مارچ کے نتیجہ میں پاکستان معرض وجود میں آیا تھا اور آج ہمیں بھی ایک عہد کرنا ہوگا کہ احتیاط اور صرف احتیاط کے ذریعے ہمیں کورونا وائرس کو ہرانا ہوگا۔