کورونا عفریت، ورلڈبینک کا پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر قرض دینے پر غور
اسلام آباد: کورونا عفریت سے ہونے والے نقصانات کا جائرہ لینے کے لیے عالمی بینک نے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر قرض دینے پر غور شروع کردیا ۔
اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے عالمی بینک 50 کروڑ ڈالر کی رقم مئی 2020 میں پاکستان کو فراہم کرسکتا ہے، جس کی بدولت کورونا وائرس سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا، اس مقصد کے لیے عوام کی رجسٹریشن کی جائے گی، جس میں صحت، تعلیم، پیشہ اور دیگر معلومات کا اندراج کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی اضافی رقم فراہم کرنے کے لیے ورلڈ بینک نے کام کرنا شروع کررکھا ہے،عالمی بینک کی جانب سے یہ رقم صحت، ماحولیات، تعلیم اور فوڈ سیکیورٹی کے شعبے میں خرچ کی جائے گی جبکہ ورلڈ بینک کی جانب سے 20 کروڑ ڈالر کی پہلے منظوری دی جا چکی جن میں سے 15 کروڑ ڈالر میڈیکل آلات خریدنے کی خاطر استعمال کیے جائیں گے اور 5 کروڑ ڈالر احساس پروگرام کے تحت غریب خاندانوں میں تقسیم کیے جائیں گے ۔