کورونا زدگان ساڑھے 22 ہزار سے متجاوز، 526 جاں بحق
اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا کے مزید 1049 مریض سامنے آئے ہیں جب کہ جاں بحق افراد کی تعداد 526 تک پہنچ گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 10 ہزار 178 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ ایک ہزار 49 افراد میں اس کی تصدیق ہوئی۔ اس طرح ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد 22 ہزار 550 ہوگئی۔ ملک میں کورونا وائرس کے 6 ہزار 217 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پنجاب میں کورونا زدگان کی تعداد 8420 ہے، سندھ میں 8189، خیبرپختونخوا میں 3499، بلوچستان میں 1495، گلگت بلتستان میں 386 اور آزاد کشمیر 76 میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 40 مریض زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 526 ہوگئی ہے۔ خیبرپختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ 194 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 148، پنجاب میں 156، بلوچستان 21، اسلام آباد میں 4 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جب کہ ملک بھر میں کورونا کے 143 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔