کورونا خدشات، کراچی کی 11 یونین کونسلیں مکمل سیل
کراچی: شہر قائد میں کورونا وائرس کے خدشات کے باعث 11 یونین کونسلوں کو مکمل سیل کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، اس دوران انتظامیہ نے وبا کے خدشات کے پیش نظر شہر قائد کی 11 یونین کونسلوں کو سیل کرنے کا حکم دیا ہے، سیل ہونے والی یوسیز کا تعلق ضلع ایسٹ سے ہے جنہیں مکمل سیل کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ایسٹ حامد الرحمان نے 11 یوسیز کو سیل کرنے کا حکم جاری کردیا ہے، رینجرز اور پولیس کی نفری نے علاقوں کو سیل کر دیا ہے، 11 یوسیز میں جانے کی اجازت ہوگی نہ باہر آنے کی اجازت ہو گی۔
ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ یوسی 6 گیلانی ریلوے، یوسی 7 ڈالمیا، یوسی 8 جمال کالونی کو سیل کردیا جائے، ڈی سی ایسٹ یوسی 9گلشن 2، یوسی 10 پہلوان گوٹھ، یوسی 12 گلزار ہجری، ڈی سی ایسٹ یوسی 13 صفورہ، یوسی فیصل کینٹ، یوسی 2 منظور کالونی کو مکمل بند کردیا جائے۔
حامد الرحمان کا کہنا تھا کہ یوسی 9 جیکب لائن اور یوسی 10 جمشید کوارٹر بھی مکمل بند رہیں گی۔
دوسری طرف پولیس متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہے اور اعلانات شروع کر دیے گئے ہیں، جس میں کہا جارہا ہے کہ شہری گھروں میں رہیں، پولیس سے تعاون کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ یوسیز کے داخلی وخارجی راستوں کو سیل کریں گے، متاثرہ علاقوں میں دکانیں نہیں کھولی جائیں گی۔ فلاحی اداروں سے رابطہ کر کے راشن گھر گھر پہنچائیں گے، متاثرہ علاقوں میں پولیس اور رینجرز کی تعیناتی 24 گھنٹے ہوگی، پولیس کے اعلیٰ افسران سیل اور تعیناتی کی مکمل نگرانی کریں گے۔
مزید برآں کراچی ميں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز گلشن اقبال ميں ہیں، اب تک سب سے زيادہ 131 کيسز رپورٹ ہوئے ہیں، دوسرے نمبر پر سول لائنز ہے جہاں پر 78 کيسزرپورٹ ہوئے ہیں، 52 کيسز کے ساتھ جمشید کوارٹر تیسرے نمبر پر ہے۔