کورونا بحران، ایک کروڑ 80 لاکھ افراد کے بیروزگار ہونے کا خدشہ: اسد عمر
اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے ملک کے لیے معاشی بندشیں کورونا وائرس سے زیادہ مہلک ہیں، ایک کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد کے بیروزگار ہونے کا خدشہ ہے۔
کورونا بحران پر پریس بریفنگ کرتے ہوئے وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں کورونا سے اموات میں اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں اوسطاً 24 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا وبا کے باعث عائد پابندیوں کا 9 مئی تک اطلاق رہے گا، وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوگا، جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ معاشی بندشوں سے غربت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، ملک میں اس وقت 5 ہزار وینٹی لیٹرز موجود ہیں، ہمارا صحت کا نظام پچھلے 2 ماہ کے مقابلے میں اب بہتر ہے، ہم کورونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھاتے جا رہے ہیں۔