کورونا بحران: مریض ایک لاکھ 54 ہزار سے متجاوز، 2975 جاں بحق
اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں ہولناک صورت اختیار کرگئیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس وبا نے مزید 136 زندگیاں لے لیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 28 ہزار 117 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 9 لاکھ 50 ہزار 782 ٹیسٹ کیے جاچکے۔ 24 گھنٹوں میں ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 839 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 54 ہزار 760 ہوگئی۔ جن میں سے 58 ہزار 437 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔
صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 58 ہزار 239 کیسز رپورٹ ہوچکے۔ سندھ میں 57 ہزار 868، خیبرپختونخوا میں 19 ہزار 107، بلوچستان میں 8 ہزار 437، اسلام آباد میں 9 ہزار 242، آزادکشمیر میں 703 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 164 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ جن میں سے 58 ہزار 437 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے باعث ریکارڈ 136 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 2 ہزار 975 ہوگیا ہے، کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار 149 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 886، خیبر پختونخوا میں 731، اسلام آباد میں 90، گلگت بلتستان میں 17، بلوچستان میں 89 اور آزاد کشمیر میں 13 افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔