کراچی سینٹرل جیل کے مزید 150 قیدی کورونا زدہ نکلے
کراچی: سینٹرل جیل کراچی میں مزید 150 سے زائد قیدی کورونا وبا میں مبتلا ہوگئے، جس کے بعد مجموعی تعداد 200 سے تجاوز کرگئی اور وائرس کا شکار ہونے والوں میں 12 جیل کے افسران و اہلکار بھی شامل ہیں ۔
سینٹرل جیل کراچی میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے، جس میں 150 سے زائد قیدیوں کے ٹیسٹ مثبت آگئے ۔ گزشتہ ہفتے ایک قیدی میں علامات ظاہر ہونے کے بعد ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا۔ مذکورہ قیدی کے بیرک کے تمام قیدیوں کے ٹیسٹ کیے گئے اور ٹیسٹنگ کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے اسے دوسری بیرکوں تک بھی پھیلایا گیا۔ گزشتہ روز 150 قیدیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد مجموعی تعداد 200 سے تجاوز کرگئی ۔
ذرائع نے بتایا کہ اب تک جیل عملے کے 12 افراد بھی اس وبا کا شکار ہوچکے ہیں، جن میں ایک اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ (اے ایس پی) بھی شامل ہے ۔ سینٹرل جیل میں قیدیوں کے ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 700 سے زائد قیدیوں کے ٹیسٹ کیے جاچکے ، جن قیدیوں کے ٹیسٹ مثبت آگئے ،انہیں جیل کے اسپتال اور جیل میں بنائے گئے قرنطینہ مراکز میں آئسولیٹ کردیا گیا ۔
قبل ازیں جیل حکام نے کورونا وبا کے آغاز ہی میں قیدیوں کی ملاقات پر پابندی عائد کردی گئی تھی جب کہ انہیں ماسک بھی فراہم کیے گئے تھے ۔ جیل کے اندر اضافی واش بیسن نصب کیے گئے اور ہر قیدی کو صابن اور سینیٹائزر فراہم کیے گئے جب کہ جیل کے اندر سینیٹائزرز گیٹ بھی نصب کیے گئے ہیں۔