پٹرول کی قلت، شہری پریشان: وافر فیول موجود ہے، پی ایس او
کراچی: شہر کے مختلف پٹرول پمپس پر پٹرول کی جزوی کمی کے باعث عوام تاحال پریشان ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ روز سے کراچی سمیت ملک بھر میں پٹرول کی قلت کے باعث عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، آج بھی کراچی کے مختلف پٹرول پمپس پر پٹرول کی جزوی کمی سے عوام پریشان دکھائی دے رہے ہیں اور پٹرول پمپس پر عوام کی قطاریں دکھائی دے رہی ہیں۔
پٹرول کی قلت کے باعث عوام ہائی اوکٹین پٹرول خریدنے پر مجبور ہیں، ہائی اوکٹین کی قیمت عام پٹرول سے زیادہ ہوتی ہے۔ پمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پٹرول کی سپلائی نہ ہونے کے باعث عوام کو پٹرول نہیں دے سکتے۔
دوسری جانب ترجمان پی ایس او نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام پٹرولیم مصنوعات کے تسلی بخش ذخائر موجود ہیں اور پاکستان بھر میں تمام پی ایس او فیول اسٹیشنز پر فیول کی ترسیل معمول کے مطابق جاری ہے، ملک بھر میں فیول کی ضروریات پوری کرنے کے لیے وافر مقدار میں فیول موجود ہے۔