پاکستان سے تعلقات ختم کرنے ہوں گے، افغان صدر نے پاکستان مخالف شرط رکھ دی
کابل: افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے افغان طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات ختم کر دیں، میں تمام قیدی رہا کردوں گا۔
تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبہ ننگر ہار میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ اگر افغان طالبان اپنی ساتھیوں کی رہائی چاہتے ہیں اور وہ واقعی سنجیدہ ہیں تو پاکستان سے تعلق ختم کر دیں، میں آپ کے ساتھیوں کی رہائی کا حکم جاری کر دوں گا۔
افغان صدر کا مزید کہنا تھا کہ طالبان امریکہ کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کرچکے ہیں، اس کے بعد اپنی بغاوت کا جواز پیش نہیں کر سکتے، اگر طالبان نے اپنے قیدیوں کی رہائی کو دیگر ممالک سے بات چیت کرنے کی شرط سے منسوب کیا ہے، تو ہمارے پاس بھی شرائط ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور افغان طالبان کے امن معاہدے میں 5 ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی بھی طے کی گئی تھی تاہم افغان صدر نے اس شق کو مستر کرتے ہوئے کہا تھا کہ قیدیوں کی رہائی امریکا کی نہیں بلکہ کابل حکومت کی صوابدید ہے۔