پاک فوج کی جانب سے ساڑھے تین لاکھ امدادی پیکیجز مستحقین میں تقسیم
اسلام آباد: پاکستان بھر میں پاک فوج کے جوان کورونا ریلیف سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور کورونا پر قابو پانے کے لیے ملک بھر میں سول انتظامیہ کی مدد کررہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے کورونا سے متاثرہ علاقوں میں 3 لاکھ 50 ہزار فوجی امدادی پیکیجز تقسیم کیے جاچکے ہیں جو کھانے پینے اور روزمرہ کے استعمال کی اشیاء پر مشتمل ہیں۔ یہ امدادی پیکیجز فوجی افسروں و جوانوں کی تنخواہوں سے جمع رقم سے خریدے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ امدادی سامان گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کے دوردراز پس ماندہ علاقوں کے علاوہ سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے پس ماندہ علاقوں کے معذوروں، محنت کشوں، بیواؤں اور ضرورت مندوں میں تقسیم کیا گیا۔