ملک کے 20 شہروں کے کورونا ہاٹ اسپاٹس بند کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک بھر سے کورونا ہاٹ اسپاٹ 20 شہروں کے مقامات کی نشان دہی کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق این سی او سی نے اسمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی کے تحت ملک بھر کے 20 مقامات کو مکمل بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
این سی او سی کی جانب سے کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالا، سوات، حیدرآباد، سکھر، سیالکوٹ، گجرات، گھوٹکی، لاڑکانہ کے مختلف مقامات کورونا ہاٹ اسپاٹ قرار دیے گئے ہیں۔
ترجمان این سی او سی کا کہنا تھا کہ خیرپور، ڈی جی خان، مالاکنڈ اور مردان کے مختلف علاقے بھی کورونا سے بہت زیادہ متاثر قرار دیے گئے ہیں جب کہ اسلام آباد میں جی نائن، ٹو، تھری سیل کردیے گئے اور کراچی کی ایک کمپنی بھی 300 سے زیادہ کیسز آنے پر سیل کردی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں آئی ایٹ، آئی ٹین، غوری ٹاؤن، بارہ کہو، جی سکس، جی سیون بھی نئے ہاٹ اسپاٹ بن گئے، ان نئے ہاٹ اسپاٹس کی مانیٹرنگ جاری ہے جو کبھی بھی سیل کیے جاسکتے ہیں۔