لاہور کے مختلف علاقوں کو دو ہفتے کے لیے بند کرنے کا فیصلہ
لاہور: صوبائی حکومت نے لاہور کے مختلف علاقوں کو 2 ہفتوں کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کل رات بارہ بجے کے بعد لاہور کے کئی علاقوں کو بند کردیا جائے گا، کم سے کم ان علاقوں کو دو ہفتے کے لیے بند کیا جائے گا اور بعدازاں صورت حال کو دیکھتے ہوئے علاقوں کو کھولنے کا فیصلہ کریں گے تاہم ان علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا کی دُکانیں اور فارمیسی کھلی رہیں گی۔
یاسمین راشد نے کہا کہ ان علاقوں میں شاہدرہ، شادباغ، ہربرنس پورہ، گلبرگ کے کچھ علاقے، نشتر ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن میں کچھ سوسائٹی کو بھی بند کردیا جائے گا۔ عوام ایس او پیز کو سختی سے فالو کرتے رہیں، تاکہ کورونا کا پھیلاؤ روکا جاسکے، صرف ماسک کے استعمال سے وبا کے پھیلاؤ کو 50 فیصد تک روکا جاسکتا ہے۔
صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ہم ان علاقوں پر پابندیاں لگارہے ہیں، جہاں کورونا کے کیسز زیادہ ہیں، مریض کے اہل خانہ گھر سے بیٹھ کر مطالبہ کرتے ہیں وینٹی لیٹر چاہیے، مریض کو وینٹی لیٹر پر رکھنے کا فیصلہ اسپتال پہنچ کر ڈاکٹرز کرتے ہیں، کورونا کے ہر مریض کو وینٹی لیٹر کی ضرورت نہیں ہوتی، افسوس ہوتا ہے جب ہمارا موازنہ نیوزی لینڈ جیسے ملک سے کیا جاتا ہے۔