فردوس عاشق اہل نہیں، لابنگ کرکے وزارت حاصل کی تھی، فواد چوہدری
اسلام آباد: فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ فردوس عاشق اعوان نے لابنگ کے ذریعے وزارت حاصل کی تھی اور وہ اس وزارت کی اہل نہیں تھیں۔
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ فردوس عاشق اعوان وزارت اطلاعات کی کبھی بھی اہل نہیں تھیں، اس وزارت کو سنبھالنا آسان نہیں کیونکہ یہ اب ایک بہت بڑا پلیٹ فارم ہے، ان کو بہت پہلے ہٹا دینا چاہیے تھا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان نے لابنگ کے ذریعے وزارت توحاصل کرلی تھی پروہ اسے چلا نہیں سکیں جس کا پی ٹی آئی سمیت وزیراعظم آفس کو بہت نقصان ہوا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں عاصم سلیم باجوہ کی شمولیت سے وزیراطلاعات شبلی فراز کو بڑی مدد ملے گی کیونکہ عاصم سلیم باجوہ کو میڈیا کے حوالے سے سارے کام آتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دوا ساز کمپنیوں کے مطابق اگلے سال ستمبر سے پہلے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی تیاری ممکن نہیں تو ڈیڑھ سال ملک بند نہیں کیا جاسکتا، اسی لیے لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی ہے اورنرمی سے متعلق فیصلے صوبوں اور ماہرین کی مشاورت سے روز کیے جاتے ہیں۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے حفاظتی کٹس برآمد کرنے جارہا ہے۔ پاکستان ایک سال میں میڈیکل کے شعبے میں اتنا خود کفیل ہوجائے گا کہ ونٹی لیٹرز سمیت دیگر میڈیکل ڈیوائسزبرآمد کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے اور اب حفاظتی کٹس اورہینڈ سینیٹائزرز میں اتنے خود کفیل ہوچکے ہیں کہ کابینہ نے برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک سال کے اندر وینٹی لیٹرزبرآمد کرنے کا اہل ہوگا، وینٹی لیٹرز کے 58 ڈیزائن موصول ہوئے جس میں سے 13 شارٹ لسٹ کیے گئے اور اب سات ڈیزائنز لائسنسنگ کے مرحلے میں ہیں۔