فخر زمان، یونس خان سے کیا چاہتے ہیں، آخر انہوں نے بتا ہی دیا
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپنر فخر زمان نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ذہنی مضبوطی پر کام کیا، یونس خان سے کم بیک کرنے کا گرُ سیکھنا چاہتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں فخرزمان کا کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ میں موقع ملا ہے، مایوس نہیں کریں گے، لاک ڈاون کے دوران ذہنی مضبوطی پر کام کیا، چیمپیئنز ٹرافی کی خوشگوار یادیں آج بھی انہیں تازہ دم کردیتی ہیں۔
اوپننگ بیٹسمین نے اقرار کیا کہ وہ اچھی کارکرگی کے باعث اوور کانفیڈنٹ ہوگئے تھے۔
ٹیم مینجمنٹ میں یونس خان کیشمولیت کو فخرزمان نے خوش آئند قرار دیا۔ ون ڈے کے ڈبل سنچری میکر نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز ان کے مستقبل کے لیے بہت اہم ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 5 اگست کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم دوسرا، تیسرا ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی سیریز ساؤتھمپٹن میں کھیلے گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوینٹی سیریز 28 اگست سے یکم ستمبر تک کھیلی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان نے دورہ انگلینڈ کے لیے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس میں فواد عالم اور سرفراز احمد کے ساتھ ساتھ نوجوان حیدر علی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔