عادتیں جو آپ کو ناکام بناتی ہیں

احسن لاکھانی

ہم  میں سے اکثر لوگ کامیاب ہونے کی خواہش رکھتے ہیں۔ ہم کامیابی حاصل کرنے کے لیے محنت اور جدوجہد بھی کرتے ہیں۔  لیکن  ہم میں سے  اکثر  کو  پوری کوشش کرنے کے باوجود بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑتا ہے۔

جیسے اچھاکھانا بنانا، اچھا سنگیت کار ہونا، آلاتِ موسیقی بجانا اورکرکٹ یا فُٹ بال کھیلنا ایک ہنر، ایک آرٹ ہے اسی  طرح کامیاب ہونا بھی ایک ہُنر ہے جس کے   چند طریقے اور فارمولے ہوتے ہیں۔ آج میں آپ کو چند ایسی عادتیں بتاوُں گا جو ہمیں زندگی میں ناکام بناتی ہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کامیابی سے ہمکنار ہوں  تو ان عادتوں کوترک کردیں۔

1۔ ہم میں سے کتنے لوگ ہیں جو دن بھر کے کام کا شیڈول بناتے ہیں؟ کامیابی کے لیے سب سے اہم اور پہلا فارمولا یہی ہے کہ آپ پورے دن کا شیڈول بنا ئیں کہ آپ نے دن میں کیا کیا کرنا ہے۔ نہ صرف شیڈول بنا ئیں بلکہ ہر کام کی ترتیب مرتب کرکے اُس کے لیے وقت بھی مختص کرلیں۔  آپ صرف ساٹھ دن روزانہ صبح اپنے پورے دن کے کام کی لسٹ بنائیں اور اُسی لسٹ کے مطابق عمل کریں ، آپ اپنے اندر تبدیلی دیکھ کر خود حیران ہوجائیں گے۔

2۔ مثبت سوچ کسی بھی انسان کی کامیابی کے لیے اہم ہوتی ہے۔ آپ دنیا کے جتنے بھی کامیاب لوگوں کی زندگی کا مطالعہ کر لیں ایک چیز سب میں قدرِ مشترک ملے گی وہ ہے مثبت سوچ۔ اگر آپ منفی سوچ رکھنے والے انسان ہیں تو آپ کو یہ جان کر افسوس ہوگا کہ آپ زندگی میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔ کامیاب ہونے کے لیے منفی سوچ کو ترک کرنا سب سے زیادہ ضروری ہے نہ صرف منفی سوچ بلکہ منفی لوگوں کو بھی اپنی زندگی سے نکال دیں۔ مثبت سوچ انسان کے ذہن کو وسیع کرتی ہے اور نئے خیالات کو جنم دیتی ہے۔

3۔ آپ کو زندگی میں کبھی ایسے مسائل کا سامنا ہوتا ہے جس کو آپ چاہ کر بھی حل نہیں کرسکتے۔ اپنا وقت اُن چیزوں پر کبھی ضائع نہ کریں جو آپ کے ہاتھ میں نہ ہوں بلکہ ہمیشہ اپنا وقت اُن کاموں میں صرف کریں جس میں آپ اچھے ہوں ۔ مثال کے طور پر ایک شخص کی آواز اچھی نہیں لیکن اُس کے پاس لکھنے کا ہنر اچھا ہے، وہ شخص اگر خود کو کامیاب بنانا چاہتا ہے تو لکھنے کے ہنر پر توجہ دے کر خو دکو آگے بڑھائے نہ کہ سنگیت کار بننے کی کوشش میں اپنی زندگی کو ضائع کردے۔

4۔ اپنی غلطیوں پر کبھی نہ پچھتائیں ، جو ہوگیا وہ ماضی تھا اور جو آنے والا ہے وہ مستقبل ہے۔ اگر آپ اپنی ماضی کی غلطیوں پر اکثر نادم رہنے کے عادی ہیں تو یہ  عادت آپ کی کامیابی کے درمیان بہت بڑی رکاوٹ ہے۔ اپنی غلطیوں سے سبق سیکھیں اور زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کریں۔

5۔ کامیاب لوگوں کی صحبت آپ کو کامیاب بناتی ہے اور ناکام لوگوں کی صحبت آپ کو ناکام بناتی ہے۔ اگر آپ کے ارد گرد ناکام لوگ ہیں تو اس کا قوی امکان ہے آپ بھی زندگی میں ناکام ہی رہیں گے۔ لہٰذا خود کو ہمیشہ کامیاب لوگوں خود کو ہمیشہ کامیاب لوگوں کے ساتھ جوڑ کر رکھیں۔

6۔ ہمیشہ یہ یاد رکھیں کہ ہر انسان کی اپنی ایک منزل اور مقصد  ہوتاہے۔ اگر آپ خود کا موازنہ کسی دوسرے شخص کی کامیابی سے کرنے کی کوشش کریں گے تو ہمیشہ منہ کی کھائیں گے۔ زندگی میں کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ آپ کا صرف آپ سے مقابلہ ہو۔ آپ کا ہر گزرنے والا دن آنے والے دن سے بہتر ہو۔ اکثر لوگ دوسروں کی کامیابی سے حاسد ہو کر اپنے راستے سے ہٹ جاتے ہیں۔ اکثر لوگ  ناکام اس لیے ہی ہوتے ہیں کہ وہ اپنا موازنہ دوسروں سے کرنا شروع کردیتے ہے۔

7۔ اگر آپ کی زندگی میں نظم و ضبط نہیں تو آپ کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ ایک کامیاب انسان خود کو نظم و ضبط کا پابند بناتا ہے۔ اگر آپ وقت پر  نہیں سوتے، وقت پر کھاتے اور پیتے نہیں ، ورزش نہیں کرتے تو یہ امکان ہے کہ زندگی کی دور میں آپ پیچھے رہ جائیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔