صدر عارف علوی استعفیٰ دیں، سینیٹر سحر کامران کا مطالبہ
سپریم کورٹ کے فیصلے نے حکومتی بدنیتی بے نقاب کر دی ہے: سینئر رہنما پی پی پی
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور پی پی پی سوشل میڈیا اینڈ ریسرچ کوآرڈینیشن سیل کی مرکزی کوآرڈینیٹر سینیٹر سحر کامران نے جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف صدارتی ریفرنس کالعدم قرار دینےکے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدلیہ کے خلاف سازش ناکام اور عمران خان کی ذہنیت کھل کر سامنے آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے حکومتی بدنیتی کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ریفرنس کے فیصلے کے بعد صدر عارف علوی عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں، میں صدر عارف علوی سے فوری استعفے کا مطالبہ کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے بعد موجودہ حکومت کی ناکامیوں کی طویل فہرست میں آج ایک اور اضافہ ہو گیا ہے۔
سینیٹر سحر کامران نے کہا کہ ماضی میں عدالتی فیصلے متنازع رہے ہیں جیسے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی اور یوسف رضا گیلانی کی نااہلی، انہوں نے مزید کہا کہ آج کے فیصلے سے آزاد عدلیہ کی ایک نئی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔
سینیٹر سحر کامران نے کہا عدلیہ کے خلاف سازش کرنے والے ناکام ہوئے ہیں مگر اس سازش میں ملوث ہر چہرہ قوم کے سامنے لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آزاد عدلیہ پر یقین رکھتی ہے اور ہماری جماعت نے ہر دور میں آزاد عدلیہ کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ سینیٹر سحر کامران نے کہا اگر تمام ادارے اپنے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں تو ہم تمام چیلنجز کا مل کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔