زندگی کا ’بگ باس’ شروع ہو گیا ہے، سلمان خان
بالی وڈ سٹار سلمان خان نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے کورونا وائرس کے خوف کے درمیان لاک ڈاوٴن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو دوسروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کے لیے پھٹکارا ہے۔
سلمان خان ان دنوں اپنی والدہ سلمیٰ خان، دونوں بہنوں ارپِتا اور الویرہ اور ان کے بچوں کے ساتھ پنویل میں واقع اپنے فارم ہاوٴس میں رہ رہے ہیں۔
سلمان نے بتایا کہ ان کا پورا خاندان پِنویل میں ہی ان کے ساتھ رہ رہا ہے۔ تقریباً دس منٹ کے اس ویڈیو میں سلمان نے لاک ڈاوٴن کے دوران فارم ہاوٴس کے تجربات بھی شیئر کیے ہیں۔ ویڈیو کا آغاز ہی انہوں نے یہ کہتے ہوئے کیا کہ ٹی وی کا بگ باس تو ابھی نہیں شروع ہو رہا ہے لیکن زندگی کا بگ باس جاری ہے۔ سب گھر میں بیٹھے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کس طرح وہ پانچ سے چھ کلومیٹر دور اپنے ایک جاننے والے سے سبزیاں خرید رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں سلمان کے گھر کام کرنے والے ایک شخص نے پولیس سے بات کرتے ہوئے اپنا ماسک اتار دیا اور پھر اسے ڈانٹ پڑی۔
سلمان نے اس ویڈیو میں بتایا کہ ’میں نے ان سے کہا کہ یہ جو آپ کو منع کیا گیا تھا کرنے کو، آپ نے وہی کیا۔’
سلمان نے اس ویڈیو میں کورونا کے متاثرین کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا درد نہ سمجھ پانا انسانیت اور احساس کی کمی ہے۔ سلمان نے لاک ڈاوٴن توڑنے والوں سے گھروں میں رہنے کے لیے کہا۔
سلمان خان نے کہا ’کچھ لوگ ہیں جو کبھی گھر سے باہر نہیں نکلتے تھے، لیکن ان دنوں نکل رہے ہیں۔’
انہون نے کہا کہ جو لوگ اپنے خاندان والوں کو مارنا چاہتے ہیں وہ گھروں سے باہر نکلیں۔
سلمان خان نے سخت الفاظ مین سوالات بھی کیے ’انڈیا کی آبادی کم کرنا چاہتے ہو؟ اگر آپ ایسے باہر نہیں نکل رہے ہوتے، اپنے دوستوں اور یاروں کے ساتھ، تو پولیس والے آپ پر ڈنڈے نہیں مار رہے ہوتے۔ آپ کو کیا لگ رہا ہے، پولیس والوں کو مزہ آ رہا ہے؟’