جسٹس فائز عیسٰی ملزم، وہ مجھ سے سوال نہیں کرسکتے، شہزاد اکبر
اسلام آباد: معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے سوالات کے جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسٰی ملزم ہیں، وہ مجھ سے سوال نہیں کرسکتے۔
عدالت عظمیٰ میں جسٹس قاضی فائز عیسٰی کیس کی سماعت کے لیے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر سپریم کورٹ پہنچے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قاضی فائز عیسٰی اس کیس میں ملزم ہے، ملزم کسی دوسرے سے کیسے سوال کرسکتا ہے، کٹہرے میں کھڑے ملزم کو جواب نہیں دیا جاتا۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے مجھ سے سوالات کیے ہیں، عدالت نے ان کے الزامات پر مجھ سے پوچھا تو عدالت میں جواب دوں گا۔
خیال رہے کہ جسٹس فائز عیسی نے صدارتی ریفرنس کے خلاف کیس میں متفرق درخواست جمع کرائی ہے جس میں انہوں نے شہزاد اکبر کی تعیناتی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ شہزاد اکبر کی بطور چیئرمین اثاثہ جات ریکوری یونٹ تعیناتی غیرقانونی ہے، یہ یونٹ کس نے بنایا اور چیئرمین کس نے تعینات کیا؟ کیا چیئرمین کی تعیناتی پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہوئی؟ کیا شہزاد اکبر نے اپنے اثاثے اور اہل خانہ کی شہریت ظاہر کی؟