جب ارطغرل کی حلیمہ نے پاکستان مخالفت پر پرینکا کو آئینہ دکھایا
آج کل پورا ملک پی ٹی وی سے نشر ہونے والے ترک ڈرامے ارطغرل غازی کے سحر میں مبتلا ہے اور اس سے جڑی دل چسپ کہانیاں سامنے آرہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترکی کا یہ معروف ڈراما وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر اردو میں نشر کیا جارہا ہے۔
پاکستانی ناظرین کو جہاں ارطغرل کا کردار ادا کرنے والے انگین آلتان دوزیاتان کی شخصیت اور حلیمہ سلطان کا کردار نبھانے والی اسراء بِلگِچ کے حسن نے گرویدہ بنایا، وہیں ان کے سوشل میڈیا اکائونٹس فالو کرنے کے نیتجے میں بھی دل چسپ خبروں نے جنم لیا۔
اس سرگرمی کے نتیجے میں اسراء بِلگِچ کا ایک پرانا بیان ایک بار پھر پاکستان میں ٹرینڈ کر رہا ہے، جس میں انھوں نے بھارتی اداکارہ پرینکا چوپڑا کو آئینہ دکھایا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت کی نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک کے بعد پرینکا چوپڑا نے ایک ایسا بیان دیا تھا، جو جنگ کو بڑھاوا دیتا ہے، حالاں کہ وہ اقوام متحدہ کی گڈول ایمبیسٹر کے عہدے پر فائز تھیں۔
بعد ازاں جب امریکا میں معنقدہ تقریب میں عائشہ ملک نامی پاکستان خاتون نے ان پر تنقید کی، تو انھوں نے انتہائی درشت رویہ اختیار کیا۔
اسراء بِلگِچ نے انسٹاگرام اکائونٹ پر پرینکا کی پاکستان مخالفت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
انھوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا، محب وطن ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ جنگ کی حمایت کریں۔ اقوام متحدہ کے گڈول ایمبیسٹر ہونے کی حیثیت سے آپ کو ایسے مکالمہ کا حصہ ہی نہیں بننا چاہیے تھا۔ آپ ایک رول ماڈل ہیں، مگر ایک خاتون سے آپ کا رویہ انتہائی نامناسب تھا، جس نے آپ سے فقط ایک سوال پوچھا۔