برطانیہ کا پاکستان کے لیے ساڑھے 26 لاکھ پاؤنڈ امداد کا بڑا اعلان
اسلام آباد: برطانیہ کی جانب سے پاکستان کے لیے بڑا اعلان، برطانیہ نے کورونا سے نمٹنے کی خاطر پاکستان کے لیے 26 لاکھ 70 ہزار پاؤنڈ امداد کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان میں متعین برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے اردو زبان میں ویڈیو بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ایک غیر معمولی صورتحال ہے اور پوری دنیا میں کروڑوں لوگ کورونا سے متاثر ہو چکے ، اسی غیرمعمولی صورتحال کی وجہ سے ہم اپنے برتاؤ میں تبدیلی لا رہے ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنرکا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں دوست ہی ہمارا ساتھ دیتے ہیں، سماجی فاصلے ہونے کے باوجود ہم اکٹھے ہیں، مجھے یقین ہے کہ پاکستان کورونا جیسے مسئلے سے باہر نکلنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور برطانیہ کی جانب سے مالی مدد سے پاکستان کو وائرس سے نمٹنے اور لوگوں کو بچانے میں مدد ملے گی۔